کنداپور:22/اگست(ایس او نیوز)گائے کے نام پر انسانوں کا قتل ، انسانوں پر حملے دور کے گجرات، اترپردیش ، مدھیہ پردیش میں ہی نہیں اس طرح کے غیر انسانی کرتوت چک مگلور میں بھی ہوئے ہیں، پرسوں برہماور میں پروین پجاری کاقتل اسی کی توسیع ہے، اس طرح کے قتل، انسانیت سوز کرتوت دراصل ہندوتوا ایجنڈے کی طرف سے گائے کے نام پر چلنے والی غیر قانونی کرتوتوں کو چھپانے کی سازش ہے، ان باتوں کا الزام اُڈپی ضلع یوتھ کانگریس کے صدر امرت شنئی نے لگایا ہے۔
پیر کو کنداپور کے شاستری سرکل پر یوتھ کانگریس کی طرف سے پروین پجاری قتل کی مذمت اور اخلاقی پولس گری کے نام پر چلنے والی غنڈہ گردی کی مذمت میں منعقدہ احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے اس بات پر گہرا افسوس ظاہر کیا کہ ہمیں انسانیت اور انسانی اقدار کو عام کرنا ہے، ان پر عمل کے لئے تیار کرنا ہےایسے سنگین حالات میں جانوروں کی طرف پیچھے جا کر انسانوں کے قتل کی حد تک گرے ہوئے ہیں جو بہت ہی قابل تشویش ہے۔ ایسی کرتوتوں کی سخت مخالفت کرنا، مذمت کرنا ہم سب کا اہم فرض ہی نہیں بلکہ یہی ہمارا دھرم ہے، انہی مقاصد کے پیش نظر کانگریس نے آج یہ مذمتی احتجاج منعقد کرنےکی بات کہی۔ انہوں نے فرقہ پرستوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا ملک مختلف تہذیبوں پر مشتمل ہے، مختلف غذائی روایات کو اپناتا ہے، انہی وجوہات کی بناپرہمارے ملک میں تکثریت میں وحدت قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، لیکن بی جے پی اور سنگھ پریوار ہندو ایجنڈاکو پھیلانے والی فرقہ پرست قوتیں دوسروں کی غذائی روایت پر روڑے اٹکانے کاکام کرنا نہ صرف افسوس ناک ہے کہ بلکہ یہ انسانی آزادی کے حق کو چھیننے کے جیسا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر محکمہ پولس سے پرزور مانگ کی کہ وہ پروین پجاری قتل معاملے کی بالکل شفافیت اور واضح انداز میں جانچ کرے ، خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے اور جو غنڈہ گردی جاری ہے اس کو لگام لگانے کے لئے مناسب اقدامات کرے۔ یوتھ کانگریس کے صدر اشوتارتھ شٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے کسی بھی فساد یا ہنگامہ کے متعلق جانکاری لیں گے تو یہ بات واضح ہوجاتی ہےکہ بی جے پی اور سنگھ پریوار کے لیڈران غریب نوجوانوں کو غلط رخ دے کر اپنے لئے استعمال کررہی ہے، ہر ایک معاملے میں لیڈران اپنے آپ کو معصوم جتا کر اپنی حفاظت کرلیتے ہیں اور اس کے لئے معصوموں کو بلی کا بکرا بنا کر اپنا مفاد حاصل کرتے ہیں، اگر انہیں کسی اصول کا پاس ولحاظ ہے تو پھر نوجوانوں کو غلط راستے پر لے جانے کے بجائے سکیولر ملک کی تعمیر میں آگے آنا چاہئے۔ کنداپور بلاک کانگریس صدر ملیاڑی شیورام شٹی ، سابق یوتھ کانگریس صدر وکاس ہیگڈے ، ودھان پریشد ممبر پرتاپ چندر شٹی ، یوتھ کانگریس لیڈران نارائن آچار، گنیش ، شری دھرسمیت سینکڑوں کارکنان احتجاج میں شریک تھے۔